جے یو آئی ف کا الیکشن کمیشن سے انتخابی شیڈول میں ترمیم کا مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمیعت علمائے اسلام ف نے الیکشن کمیشن سے انتخابی شیڈول میں ترمیم کا مطالبہ کر دیا . جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کہ جس میں الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے .

خط میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا لیکن الیکشن کمیشن نے شیڈول میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 3 دن کا وقت رکھا ہے . سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مطالبہ کیا کہ سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی سطح پر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں لہٰذا کاغذات نامزدگی کی وصولی کے لیے تین دن کا اضافہ کیا جائے . خط میں جے یو آئی سینیٹر نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے وقت کو 7 دن سے کم کر کے چار دن کیا جاسکتا ہے اور اسکروٹنی کا وقت کم کرنے سے پولنگ 8 فروری کو کرانا ممکن ہوگا . انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر الیکشن شیڈول کے مراحل پر کوئی اعتراض نہیں تاہم الیکشن ایکٹ کے سیکشن 58 کے تحت الیکشن کمیشن شیڈول کے اندر ردوبدل کرسکتا ہے . سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کے وقت میں اضافہ جے یو آئی ف کے لیے بطور سیاسی جماعت باعث اطمینان ہوگا، کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے سے سیاسی جماعتوں کو بہتر امیدواروں کے چناؤ میں آسانی ہوگی . . .

متعلقہ خبریں