شعیب، عمر اور شہزاد کے مستقبل سے متعلق اہم اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے احمد شہزاد، عمر اکمل اور شعیب ملک کے مستقبل کے حوالے سے اہم اعلان کردیا۔ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران 5 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، اس موقع پر وہاب ریاض سے سوال کیا گیا کہ اہم دورے کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے تو کیا سینئیر کرکٹرز کو مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے؟۔
اس کے جواب میں چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ شعیب ملک، احمد شہزاد سمیت کسی کرکٹر کیلئے دروازے بند نہیں ہوئے، وہ پرفارم کریں سلیکشن کمیٹی ضرور پلئینگ الیون کا حصہ بنائے گی۔
اس موقع پر چیف سلیکٹر کے ہمراہ بطور کنسلٹنٹ کے فرائض نبھانے والے سابق کرکٹر کامران اکمل سے انکے بھائی عمر اکمل سے متعلق سوال ہوا تو انہوں نے کہا کہ وہ پرفارمنس کی وجہ سے ٹیم میں سلیکٹ ہوگا، میرے بھائی ہونے کی وجہ سے وہ ٹیم میں نہیں آیا تھا اس نے خود کو منوایا تھا۔
وہاب ریاض نے ٹی20 فارمیٹ میں بابراعظم اور رضوان کی اوپننگ پر بھی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ٹیم کو تجربات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ورلڈکپ سے قبل کمبینیشن بناسکیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں صاحبزادہ فرحان بطور اوپنر کھیلتے رہے ہیں، اگر وہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ اوپن کرسکتے ہیں۔