عمران خان نے سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کا ٹرائل کورٹ کا حکم چیلنج کردیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کا ٹرائل کورٹ کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔عمران خان کی طرف سے وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف دیا کہ سائفر عدالت کا 14دسمبر کا حکمنامہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 21 نومبر کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے اور عدالت نے اپنے حکم میں سائفر کیس کی رپورٹنگ پر بھی پابندی عائد کر دی جو کہ خلاف آئین ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا کہ انصاف کو صرف ہونا نہیں بلکہ ہوتا ہوا دکھائی دینا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی۔ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے عوام اور میڈیا کی موجودگی میں اوپن ٹرائل ضروری ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کا 14دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روکا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے درخواست دائر کی۔