سیٹ پر بھارتی اداکارہ کے بالوں میں آگ لگ گئی


ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ چھوی متل کے اگلے پراجیکٹ کی شوٹنگ کے سیٹ پر اچانک بالوں میں آگ لگ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق چھوی متل نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ اور یوٹیوب چینل پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اداکارہ اپنے اگلے پراجیکٹ کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر موجود اپنے شوہر موہت حسین کے ساتھ باتوں میں مصروف تھی۔
اسی دوران، چھوی متل کے بالوں میں آگ لگ جاتی ہے جو خوش قسمتی سے اُن کے ساتھی اداکار کرن گروور دیکھ لیتے ہیں جبکہ اداکارہ بالوں میں لگی آگ سے بےخبر ہوتی ہیں۔کرن فوری طور پر اداکارہ کے بالوں میں لگی آگ کو بھجاتے ہیں جس پر چھوی کہتی ہیں کہ مجھے جلنے کی بدبو آرہی تھی لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ میرے بال جل رہے ہیں۔
آگ بھجنے کے بعد، چھوی متل پوچھتی ہیں کہ کیا میرے بال جلے ہیں؟ جس پر کرن کہتے ہیں کہ ہاں جلے ہیں۔چھوی متل نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ “سیٹ پر حادثات ہوتے رہتے ہیں لیکن میرے بالوں میں آگ لگنا بہت خوفناک تھا اور کیمرہ آن ہونے کی وجہ سے یہ تمام واقعہ بھی ریکارڈ ہوگیا”۔
بھارتی اداکارہ نے اُنہیں آگ سے بچانے کے لیے ساتھی اداکار کرن گروور کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ چھوی متل نے کئی بھارتی ڈراموں میں کام کیا ہے، اُن کے مشہور ڈراموں میں “تین بہو رانیاں”، “تمہاری دیشا”، “گھر کی لکشمی بیٹیاں”، “ایک چٹکی آسمان”، “وراثت” اور “ٹوئنکل بیوٹی پارلر” سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔