“آئمہ بیگ نے میرا گانا چُرا کر مجھ پر ہی چوری کا الزام لگایا”، شیراز اپل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و موسیقار شیراز اپل نے کہا ہے کہ آئمہ بیگ نے پہلے اُن کا گانا چوری کیا اور پھر اُن پر ہی چوری کا الزام لگا دیا۔رواں سال جولائی میں آئمہ بیگ کا گانا “فنکاری” ریلیز ہوا تھا جسے مداحوں کی جانب سے خوب مقبولیت ملی تھی، اس گانے سے متعلق گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے یہ گانا نغمہ نگار مرحوم شکیل سہیل کے ساتھ ملکر لکھا تھا تاہم شیراز اپل نے اس بیان کو جھوٹا قرار دے دیا تھا۔
شیراز اپل نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ شکیل سہیل کا اس گانے کو لکھے جانے سے چھ ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا، ’فنکاری‘ مکمل طور پر انہوں (شیراز اپل) نے لکھا، کمپوز کیا اور پروڈیوس کیا۔آئمہ بیگ نے ابتدائی طور پر شیراز اپل کے الزام کو مسترد کردیا تھا لیکن بعد میں گلوکارہ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ “فنکاری” کی شاعری انہوں (آئمہ بیگ) نے نہیں لکھی تھی۔
اب حال ہی میں شیراز اپل نے ایک بار پھر گانا “فنکاری” کے معاملے پر بات کی، گلوکار نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آئمہ بیگ نے میرا گانا چوری کرکے میرے ہی اوپر چوری کا الزام لگاکر فنکاری کی”۔
شیراز اپل نے کہا کہ “نغمہ نگار شکیل سہیل میرے قریبی دوست تھے اور وہ جون 2020 میں انتقال کرگئے تھے جبکہ میں نے گانے “فنکاری” کی شاعری نومبر 2020 میں لکھی تھی”۔
گلوکار نے کہا کہ “آئمہ بیگ نے جھوٹ بولا کہ اُنہوں نے شکیل سہیل کے ساتھ ملکر کر گانے کی شاعری لکھی تھی، میں نے جب اُنہیں تمام ثبوت پیش کیے تو اُس کے بعد آئمہ نے اپنی غلطی تسلیم کی”۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ “میں نے نہ صرف “فنکاری” کی شاعری لکھی بلکہ اس گانے کی موسیقی بھی خود ترتیب دی تھی”۔