بلوچستان

سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیکنیکل ٹیم کا بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی نئی قائم شدہ سائنٹیفک لیب کا دورہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی دعوت اور ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی ہدایت پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل (اہس ایف اے) ڈاکٹر احمد علی شیخ اور ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر سیما اشرف پر مشتمل سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیکنیکل ٹیم نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی نئی قائم شدہ سائنٹیفک لیب کا دورہ کیا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیکنیکل ٹیم کے دورے کا مقصد بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو رہنمائی ، کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کی سہولیات اور مشاورت فراہم کرنا تھا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کے ٹیکنیکل ایکسپرٹس نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے عملے کو مائیکرو بیالوجی لیب کے طریقہ کار، کھلے یا غیر پیک شدہ تیل/گھی کے نمونوں کا تجزیہ کرنے کےطریقہ کار اور یکساں اسٹریٹجک ایس او پیز جن پر سندھ فوڈ اتھارٹی عمل پیرا ہے اس کے بارے میں مشاورت فراہم کی۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کی تکنیکی ٹیم نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی لیبارٹریز کے عملے کو فوڈ گریڈ اور نان فوڈ گریڈ میں کیمیائی تجزیہ ، پاؤڈر اور شیرخوار فارمولا دودھ، بیکری اورکنفیکشنری اشیاء کا تجزیہ کرنے سے متعلق بھی اپنے تجربات اور مہارت سے آگاہی دی۔واضح رہے کہ بی ایف اے کی جدید لیب اشیاء خوردونوش کےکیمیائی تجزیہ اور مائکروبیل جانچ کے لیے قائم کی گئی ہے جہاں دودھ اور کوکنگ آئل سمیت مختلف خوردنی اشیاء کے معیار کی جانچ جدید ٹیسٹنگ آلات پر کی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں