فن و ثقافت شوبز

فلم ’اینمل‘ کے کچھ مناظر دی لیجنڈ آف مولاجٹ سے مماثلت رکھتے ہیں: بابر علی


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی فلموں سے مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے والے معروف اداکار بابر علی کا کہنا ہے کہ فلم ’اینمل‘ میں رنبیر کپور کا کردار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں ان کے کردار اور فلم کے کچھ مناظر آپس میں مماثلت رکھتے ہیں۔حال ہی میں بابر علی نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔ انہوں نے دوران شو اپنے کیرئیر اور فلموں کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
دوران شو میزبان نے فلم ’اینمل‘ میں رنبیر کپور کے کردار ’رنوجے سنگھ‘ اور ان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں ان کے کردار کے مابین مماثلت کے حوالے سے سوال پوچھا اور ان کی رائے معلوم کی۔میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بابر علی نے کہا کہ فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بلاشہ دنیا بھر میں عزت ملی، ہماری چھوٹی سی انڈسٹری میں اتنا سب ہوجانا یہ بہت بڑی بات ہے۔
اداکار نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فلم بناتے وقت اداکار کسی اداکار سے، رائٹر کسی رائٹر سے، ولن کسی ولن سے یا ہدایتکار کسی ہدایتکار سے متاثر ہوکر اپنی فلم میں شامل کر لیتا ہے اور یہ عام بات ہے لیکن فلم ’اینمل‘ میں کچھ چیزیں بالکل ایک جیسی ہوگئیں۔
رنبیر کپور کے کردار کا گیٹ اپ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں میرے کردار ‘سردار جٹ‘ جیسا تھا، پھر ایک منظر میں ڈبے کو توڑنا دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ایک منظر کی کاپی ہے۔بابر علی نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ صرف رنبیر ہی نہیں بلکہ بوبی دیول کے کردار میں بھی مماثلت تھی۔
انہوں نے کہا کہ بوبی دیول کا کردار بھی 5 منٹ کا ہے، میرا بھی کٹ کر 5 منٹ کا ہی رہ گیا تھا، ہوسکتا ہے کہ بوبی کا بھی کوئی سین کٹ ہوا ہو۔ ہاں ایک چیز الگ تھی، اس نے اوپر بیٹھ کر سگریٹ پی، مجھے ویسے ہی لٹا دیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل محب مرزا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ فلم اینمل کا ایک فائٹنگ سین ان کی فلم عشرت میڈ ان چائنہ کی کاپی ہے۔