آہان شیٹی اور تانیہ شیروف کا 11سال بعد بریک اپ ہو گیا


ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف اداکار سنیل شیٹی کے بیٹے آہان شیٹی اور اُن کی گرل فرینڈ تانیہ شیروف کی علیحدگی سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔بھارتی ویب سائٹ ’ای ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں آہان اور تانیہ نے راہیں جدا کر لی ہیں جس کی تصدیق اس جوڑی کے ایک قریبی دوست کی جانب سے نیوز پورٹل پر کی گئی ہے۔
دوسری جانب متعدد بھارتی ویب سائٹس کی جانب سے بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آہان شیٹی اور اُن کی گرل فرینڈ تانیہ شیروف نے اپنا 11 سالہ رشتہ ختم کر لیا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ جوڑی رواں سال نومبر میں علیحدہ ہو گئی تھی اور اب دونوں اپنی اپنی نجی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اب تک اس جوڑی کے بریک اپ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے جبکہ دوسری جانب آہان اور تانیہ دونوں میں سے کسی نے بھی اپنے بریک اپ سے متعلق خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
آہان اور تانیہ تاحال ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو بھی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 11 سال پرانا یہ جوڑا اسکول سے ایک دوسرے کے ساتھ محبت کا اظہار کرتا آ رہا ہے۔