“مجھے عثمان مختار سے نفرت ہے”، اُشنا شاہ


کراچی(قدرت روزنامہ) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ اُنہیں اپنے ساتھی اداکار عثمان مختار سے نفرت ہے کیونکہ وہ سیٹ پر بہت نخرے میں رہتے تھے۔حال ہی میں اُشنا شاہ نے ‘فوچیا میگزین’ کے یوٹیوب شو ‘چائے، کافی اور سردیاں’ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے ساتھی اداکار عثمان مختار کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
میزبان نے اشنا شاہ سے سوال کیا کہ عثمان مختار کے ساتھ فلم ’چِکّڑ‘ میں کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟، اس سوال کے جواب میں اشنا شاہ نے کہا کہ “مجھے عثمان مختار سے نفرت ہے کیونکہ وہ بہت نخرے والے انسان ہیں”۔اُشنا شاہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ “جب ہم ’چِکّڑ‘ کی شوٹنگ کررہے تھے تو عثمان مختار مجھ سے بالکل بات نہیں کرتے تھے اور یہاں تک کہ میرے ساتھ بیٹھتے بھی نہیں تھے”۔
اداکارہ نے کہا کہ “میں فلم میں عثمان مختار کی بیوی کا کردار ادا کررہی تھی تو اس لیے اسکرین پر ہم دونوں کی کیمسٹری اچھی ہونی چاہیے تھی لیکن وہ تو مجھ سے بات تک نہیں کرتے تھے”۔
اُنہوں نے کہا کہ “چونکہ عثمان مختار اور کبریٰ خان بہت اچھے دوست ہیں تو میں نے کبریٰ خان کو فون کرکے کہا کہ یہ تمہارا دوست بہت بدتمیز ہے، مجھے زہر لگتا ہے، مجھے ان کے ساتھ فلم میں اداکاری کرنی ہے لیکن یہ تو مجھ سے ڈھنگ سے بات تک نہیں کرتے”۔
اشنا شاہ نے کہا کہ “کبریٰ خان نے مجھے بتایا کہ عثمان مختار کم گو اور شرمیلے ہیں، وہ زیادہ بولنا پسند نہیں کرتے لیکن بہت اچھی شخصیت کے مالک ہیں”۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ “عثمان مختار کو جب معلوم ہوا کہ میں نے اُن کے بارے میں ایسے کہا ہے تو اُس کے بعد اُنہوں نے مجھ سے بات کرنا شروع کی، پوری شوٹنگ کے دوران وہ مجھے بہت تنگ کرتے تھے اور اب ہم دونوں کافی اچھے دوست بن گئے ہیں”۔