آج بھی ظالم کو مظلوم بنانے کیلئے سہولتکاری ہو رہی ہے، جاوید لطیف


شیخوپورہ (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ آج بھی ظالم کو مظلوم بنانے کے لیے سہولتکاری کی جارہی ہے۔شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو میں جاوید لطیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عالمی قوتوں کے اشاروں پر وہ کام کیا جو کبھی کسی نے نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ خدا کا واسطہ دے کر کہتا ہوں انصاف کے تقاضے پورے کرو، جوں جوں نواز شریف باہر نکل رہا ہے تمام چیزیں ان کے خلاف اکٹھی ہو رہی ہیں۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ لوگ نواز شریف کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، آج بھی ظالم کو مظلوم بنانے کے لیے سہولتکاری کی جا رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تشدد اور کاغذات نامزدگی چھیننے کا عمل اگر ہو رہا ہے تو ہم مذمت کرتے ہیں اگر ڈرامہ ہو رہا ہے تو ادارے تفتیش کریں۔میاں جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ ایک جماعت کو مظلوم اور ن لیگ کو ظالم ثابت کرنے کا ڈرامہ ہو رہا ہے۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کو کبھی لیول پلئنگ فیلڈ نہیں ملی، انہیں بے گناہ ہوتے ہوئے سزا ملی۔