فن و ثقافت شوبز

ڈنکی بہترین فلم نہیں، ہدایتکار ہنسل مہتا


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی فلمساز، ہدایتکار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر ہنسل مہتا نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ڈنکی کو دیکھنے کے بعد اس کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ فلم بہترین یا کامل تو نہیں لیکن اس سے کیا ہوتا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ڈنکی ایک توجہ حاصل کرنے والی اور سال کے اختتام پر ایک عمدہ فلم ہے جس میں شاہ رخ خان کی پرفارمنس دل کو چھونے والی ہے۔ کئی اچھی فلمیں بنانے اور ٹیلی ویژن شو کے حوالے سے معروف 55 ہنسل مہتا نے پیر کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنا تجزیہ شیئر کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے کام کو کافی سراہا۔
انکا کہنا تھا گو کہ یہ فلم بہترین اور کامل تو نہیں لیکن تجربہ ایسی چیز ہے کہ اس نے سب کچھ اپنے اندر سمو لیا، تو اس پر میں کچھ زیادہ تجزیہ یا غور و فکر نہیں کرنا چاہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہدایتکار راجکمار ہیرانی کی اس فلم کو دیکھ کر کافی محظوظ ہوا، فلم میں مجھے وہ سب کچھ ملا جو کہ فلموں میں اکثر مس کرتا ہوں۔ یہ پرانی یادوں پر مبنی، دل کو چھو لینے والی اور سادہ سی فلم ہے جیسا کہ ماضی میں ہماری فلمیں ہوا کرتی تھیں۔
واضح رہے کہ ڈنکی میں شاہ رخ خان کے علاوہ تاپسی پنو، وکی کوشل، بومین ایرانی، وکرم کوچھر اور انیل گروور کاسٹ کا حصہ تھے۔ اس فلم نے اب تک صرف بھارت میں 105 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔

متعلقہ خبریں