16 برس گزر گئے انصاف کے منتظر ہیں,والدہ کو کھونے کا درد آج بھی محسوس ہوتا ہے: آصفہ بھٹو

کراچی (قدرت روزنامہ ) شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کی 16ویں برسی پر سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے . سماجی رابطے کے پلیٹ فارم "ایکس " پر آصفہ بھٹو زرداری نے لکھا کہ " آج 16برس گزر چکے ہیں، پھر بھی ان کو کھونے کا درد آج بھی یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وقت تھم گیا ہو .

ان کی ہنسی، نصیحت اور پیار بھری آغوش ہر روز یاد آتے ہیں . ان کے جانے کا غم ایک ایسا خلاء پیدا کرگیا ہے جسے وقت کبھی نہیں بھر سکتا، یہ غم اپنے پیچھے ایک ایسا گھر چھوڑ گیا ہے جو پھر کبھی پہلے جیسا نہیں ہوگا" .

 

انہوں نے مزید لکھا کہ" آج 16 برس ہوگئے ہیں جب عوام نے اپنا مضبوط وکیل کھو دیا ، جب وہ ایک ایسی آواز سے محروم ہوگئے جو نفرت، لالچ اور جبر کے ہاتھوں خاموش کروائے جانے والے مظلوموں کے حق میں بلند ہوا کرتی تھی . 16 برس گزر گئے اور ہم آج بھی انصاف کے منتظر ہیں" .

واضح رہے کہ آج سابق وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کی سولہویں برسی منائی جا رہی ہے .

. .

متعلقہ خبریں