خیبر پختونخوا: قیدیوں کو جیل میں مزدوری اور بینک اکاؤنٹ کی سہولت دینے کا فیصلہ


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختون خوا کی حکومت نے صوبے بھر کی جیلوں میں موجود قیدیوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات خیبرپختونخوا عثمان محسود نے بتایا ہے کہ قیدیوں کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی منظوری ویلفئیر فنڈ رولز 2023ء کے تحت دی گئی، پہلی بار قیدیوں کی جانب سے خاندان کی کفالت کے لیے رولز بنائے گئے ہیں اور اب اکاؤنٹس کھولنے کے لیے بینک آف خیبر سے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قیدی جیل میں مزدوری کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں گے، قیدیوں کو ملنے والی اجرت کا 10 فیصد حکومت، 30 فی صد قیدیوں کو دیا جائے گا جب کہ 60 فی صد ویلفئیر فنڈ میں جمع ہوگا۔
آئی جی جیل خانہ جات نے مزید بتایا کہ جیلوں میں قیدی قالین سازی، فرنیچر اور چمڑے کے چھوٹے کارخانوں میں مزدوری کرسکیں گے، قیدی پی سی او اور کینٹین میں بھی مزدوری کرسکیں گے۔