سازشی عناصر کی سازشیں آج عروج پر ہیں، شہباز شریف


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سازشی عناصر کی سازشیں آج عروج پر ہیں۔ کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان سے زہر ختم کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے۔ آج سازشی عناصر کی سازشیں عروج پر ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا کماؤ شہر ہے جو بینکنگ اور شپنگ کا مرکز ہے۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ہے۔ اس شہر کو اس کا حق ملنا چاہیے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کرنے آئے ہیں اور قائد نواز شریف کا پرخلوص خیرسگالی کا پیغام لائے ہیں۔ ہمارے تعلقات دہائیوں سے قائم ہیں۔ ہم ملکر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا مسلم لیگ ن کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہم نے مل کر چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی شرط ہے۔ ایم کیو ایم کی ہم آہنگی کو اللہ قائم رکھے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال کا س موقع پر کہنا تھا کہ شہباز شریف کا دورہ خیرسگالی کا دورہ تھا۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پہلے سے بنی ہوئی کمیٹیاں کام کریں گی۔ کمیٹیوں کی ملاقات اگلے ایک دو روز میں متوقع ہے۔