سرحدی تجارت پر کسی کو کابل سے آکر بلیک میلنگ اور ٹوکن کی سیاست نہیں کرنے دیں گے، ڈاکٹر مالک


تربت(قدرت روزنامہ)ہوت آباد میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر مالک نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی قوم کو یہ یقین دلاتی ہے کہ عوامی مفادات پر کبھی سودا بازی نہیں کریں گے نیشنل پارٹی قوم پرست سیاسی کارکنوں کا گھر ہے خوشی کی بات ہے کہ سیاسی کارکن کئی عرصہ بعد نیشنل ازم کی جانب دوبارہ آنا شروع ہوگئے ہیں، اس عوامی طاقت سے پارلیمنٹ جاکر ان عناصر کا راستہ روک دیں گے جو عوام کے بجائے، پیسہ اور دیگر زرائع سے الیکشن جیتنے کی خواہش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے اقتدار کے لیے کبھی پیسہ استعمال نہیں کیا بلکہ سیاسی کارکنوں کی جدوجہد پر بھروسہ کیا میر حمل بلوچ اور پھلین دونوں سیاسی ورکر ہیں ان کی طویل جدوجہد کا محور عوام رہے ہیں۔ نیشنل پارٹی نے اقتدار میں آکر لوگوں کو تعلیمی ادارے دیے تربت یونیورسٹی اور مکران میڈیکل کالج کا قیام ایک تاریخی قدم تھا۔ 1993 میں عوامی طاقت سے تعلیم کا جو بیج بویا تھا آج ان کا ثمر ہے کہ کیچ پورے بلوچستان میں تعلیمی ریشو میں پہلے نمبر پر اور مکران ڈویڑن پورے پاکستان میں آٹھویں نمبر پر ہے، وزیر تعلیم ہوکر کیچ میں گرلز اسکولوں کا جال بچھاکر تعلیم عام کی۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے نزدیک میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں فضول ہیں اگر وہ اقتدار پر فائز ہوجائیں تو عوام ان سے بھلائی کی کیا توقع رکھے گی اور وہ اس سوچ کے ساتھ عوام کو کیا سہولت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کابل اور افغانستان سے سوداگر آکر کیچ میں ووٹوں کی خرید و فروخت کرنا چاہتے ہیں مگر یاد رکھیں کیچ سیاسی کارکنوں کا گڑھ ہے سیاسی کارکن اس علاقے کو قطعا داغدار نہیں کرنے دیں گے۔ نیشنل ازم سے فکری وابستہ کارکن کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کابل سے آکر کیچ میں بلیک میلنگ اور پیسہ اور ٹوکن کی سیاست کریں۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر نے ٹوکن کی سیاست شروع کی ہے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ الیکشن تک بارڈر پر ٹوکن کی خرید و فروخت کا سلسلہ روک دے ورنہ نیشنل پارٹی اس کے خلاف مزاحمت کرے گی۔
بارڈر کے دونوں اطراف میں بلوچ آباد ہیں انہیں بارڈر پر آزادانہ کاروبار کا حق حاصل ہے۔شمولیتی جلسہ عام سے پی بی 28 تمپ ناصر کے امیدوار واجہ حمل، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماں ابوالحسن بلوچ، حاجی فدا حسین دشتی، ضلعی صدر مشکور بلوچ، چیرمین زبیر، کہدہ حاصل اور کہدہ ایوب نے خطاب کیا۔ پروگرام میں چیرمین حلیم، اقبال شازئی، ڈاکٹر سلیم، انور اسلم، چیرمین گہرام اسلم، عارف سلیم ، ڈاکٹر نور زمان، حفیظ علی بخش و دیگر بھی موجود تھے۔