اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عمران خان کے اثاثوں میں گزشتہ پانچ برس کے دوران 27 کروڑ 72 لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا . ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے ذریعے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں .
سال 2018ء میں عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی اور حالیہ کاغذات نامزدگی کے مطابق 2023 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ59 لاکھ 50ہزار روپے سے زائد ہے . عمران خان نے زمان پارک لاہور میں 7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا ہے، زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا ہے . بنی گالہ میں 300 کنال اراضی بطور تحفہ ملنا ظاہر کی گئی ہے . بنی گالا گھر کی تزین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39 لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا گیا ہے .
اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے اراضی ظاہر کی گئی ہے . اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی ظاہر کی گئی ہے . 3 کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا ہے . عمران خان نے بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی ہے .
کاغذات نامزدگی کے مطابق عمران خان کسی ایک گاڑی کے مالک نہیں ہیں، عمران خان کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کیش دستی موجود ہے . اسلام آباد کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی ہے . دو لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی تفصیلات میں بتائی گئی ہیں .
توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیاء کی قیمت 1 کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی گئی . عمران خان نے اہلیہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور دیپال پور میں 698 کنال اراضی ظاہر کی ہے . بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی عمران خان کے کاغذات میں ظاہر کیا گیا ہے .
عمران خان نے ایف بی آر کو 2021ء میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد اثاثے ظاہر کیے . ایک سال کے دوران 2022ء میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی . ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق عمران خان نے 2023ء میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی . عمران خان نے اپنی تعلیمی قابلت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے . عمران خان نے موجودہ پیشہ فلنتھروپسٹ ظاہر کیا ہے .