این اے 151: شاہ محمود اور ان کے بیٹے، بیٹی کے کاغذات نامزدگی مسترد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151 ملتان سے مسترد کردیے گئے۔ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے این اے 151 ملتان سے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی اور بیٹی مہر بانو کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے ہیں۔
آر او نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 218 سے بھی شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے ہیں۔ادھر این اے 214 تھرپار کر سے بھی شاہ محمود قریشی اور اُن کے بیٹے زین قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 3 جنوری تک کی جا سکے گی۔اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے، امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے، عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 28 ہزار 626 کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔