پاکستان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نئے سال 2024 یکم جنوری کے آغاز پر اگلے 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ آئل انڈسٹری کے اندازوں کے مطابق پٹرول اور کیروسین آئل کی قیمتوں میں ایک روپے تک کمی ہو سکتی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے تخمینے، ایکسچینج ریٹ اور موجودہ پٹرولیم لیوی اور جنرل سیل ٹیکس کی شرحوں میں صفر ایڈجسٹمنٹ پر مبنی ہیں۔ حکومت پٹرول اور ایچ ایس ڈی پر 60 روپے فی لیٹر پی ایل اور جی ایس ٹی پر صفر کی شرح وصول کر رہی ہے۔
بین الاقوامی سطح پر برینٹ تیل کی قیمتیں 16 دسمبر 2023 سے 77.95 ڈالر سے 81.07 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہیں۔ 15دسمبر کو قیمتوں کے تعین سے پہلے برینٹ کی قیمت کم ہوئی تھی جس میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے لیکن یہ اب بھی 80 ڈالر سے نیچے ہے۔ نومبر کے اختتام پر برینٹ 85 ڈالر پر تھا اور اس کے بعد نیچے آیا لہٰذاحکومت نے پیٹرول 14 روپے سستا کیا تھا۔
اعداد وشمار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتیں پرانی سطح پر نہیں گئیں اور روپیہ بھی مستحکم ہے تو پیٹرول کی قیمت میں معمولی ردو بدل ہی ممکن ہے۔
پیٹرول کی موجودہ قیمت 267.34 روپے ہے جو ایک روپے کی کمی کے بعد 266 روپے 34 پیسے پر آجائے گی جبکہ ڈیزل کی موجودہ قیمت 276.21 ہے جو کہ دو روپے کے اضافے سے 278 روپے 21 پیسے پر پہنچ جائے گی۔ خیال رہے کہ وزارت خزانہ اوگرا کی تجویز کردہ سمری پر نگران وزیراعظم سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں