سکندر سلطان راجہ سے کہنا چاہتا ہوں یہ الیکشن نہیں مذاق ہے: شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سکندر سلطان راجہ سے کہنا چاہتا ہوں یہ الیکشن نہیں مذاق ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 56 اور 57 کے آر او نے کل شام ساڑھے 4 بجے مصدقہ کاپیاں دینے کا وعدہ کیا تھا، میرے وکلاء رات 11 بجے تک وہاں بیٹھے رہے لیکن ان کو کاپیاں فراہم نہیں کی گئیں۔


انہوں نے کہا ہے کہ میں آج پہلی بار سکندر سلطان راجہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ الیکشن نہیں مذاق ہے، ہمارے اوپر غلط، بے بنیاد الزام لگایا گیا، ہمیں کاپیاں فراہم کی جائیں ہم ہائی کورٹ جانا چاہتے ہیں، ہمارے وکلاء آر او آفس کے باہر موجود ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا ہے کہ آر او کو ہدایت دی جائے کہ وہ فیصلے کی کاپی دیں تاکہ ہم اپنا حق لے سکیں، اللہ کی مدد اور عوام کی طاقت سے این اے 56 اور 57 میں اپنی جیت کا لوہا منوائیں گے۔