پرویز و مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد، فیصلوں کی مصدقہ نقول نہ دینے کا اقدام چیلنج


لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور قیصرہ الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کی مصدقہ نقول نہ دینے کا اقدام چیلنج کر دیا گیا۔درخواستیں پرویز الہٰی سمیت دیگر کی جانب سے دائر کی گٸی ہیں۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ این اے 64 گجرات اور این اے 69 منڈی بہاؤالدین، پی پی 32، 34 اور 42 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گٸے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران فیصلوں کی مصدقہ نقول فراہم نہیں کر رہے، مصدقہ نقول نہ ملنے سے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر نہیں ہو سکتی، الیکشن اپیلیٹ ٹریبولز میں اپیلیں داٸر کرنے کا آخری روز 3 جنوری ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ریٹرننگ افسران کو مصدقہ نقول فراہم کرنے کا حکم دے۔