بھارتی فلم ’آر آر آر‘ کے اداکار جاپان کے زلزلے میں بال بال بچ گئے


ممبئی(قدرت روزنامہ)ساؤتھ انڈین فلموں کے اسٹار نند مورتی تارک راما راؤ جونئیر المعروف جونیئر این ٹی آر جاپان میں آنے والے زلزلہ کے جھٹکوں میں محفوظ رہے لیکن زلزلے سے ہونے والے نقصان پر گہرے صدمے میں مبتلا ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ عالمی ایوارڈ یافتہ بھارتی فلم ’آر آر آر‘ کے اداکار جونیئر این ٹی آر نے گزشتہ رات گئے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے جاپان میں قیام کے بعد آج ہی بھارت واپس لوٹے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ آج ہی جاپان سے گھر واپس آیا ہوں اور زلزلے کے جھٹکوں کا سن کر شدید صدمے میں ہوں۔ میں نے گزشتہ ہفتہ وہاں گزارا ہے، اب میرا دل ہر متاثرہ شخص کے لیے غم سے پھٹ رہا ہے۔


انہوں مزید لکھا کہ شکرگزار ہوں کہ جاپانی عوام نے تحمل کا مظاہرہ پیش کیا اور ان کی فوری ریکوری کے لیے پُر امید ہوں۔ جاپان مضبوط رہے۔
جاپان کے وسطی صوبے اشیکاوا میں گزشتہ روز 7.6 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے بعد بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو حکام کی کوششیں جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک 150 سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں جبکہ زلزلے کی شدت سے 300 کلو میٹر دور ٹوکیو میں بھی عمارتیں لرز اٹھی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک زلزلے کے جھٹکوں کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 48 ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔