نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی لاہور میں مصنوعی بارش کرنیوالی ٹیم کے سربراہ سے ملاقات
لاہور (قدرت روزنامہ)نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں مصنوعی بارش کرنے والی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم کے سربراہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسموگ میں کمی کے لیے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسائے گی، پاکستان میں پہلی مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا اور ایئر کوالٹی لیول کئی روز 200 سے نیچے رہا۔
انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ جنوری میں مناسب بادل آتے ہی دوبارہ مصنوعی بارش برسائی جائے گی، پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش برسا کر یو اے ای کی ٹیم کا نام تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، مصنوعی بارش برسانے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ نے اسموگ میں کمی کے لیے مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ محسن نقوی سے ملاقات کرنے والوں میں چیف پائلٹ مائیکل اور پائلٹ کرنل عبید بھی شامل تھے۔