میرے کاغذات نامزدگی پانی کے بل کی عدم ادائیگی پر مسترد کیے گئے، شیر افضل مروت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پانی کے کنکشن کے بلوں کی عدم ادائیگی پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔سپریم کورٹ کے باہر شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اپیلوں کی سماعت ہو رہی ہے لیکن اس سے اہم مقدمات سماعت کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود رہا نہیں کیا گیا، آر اوز اور ڈی آر اوز نے پی ٹی آئی کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ آفیسرز نے قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا، انہوں نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو غیر قانونی طور پر نااہل کیا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ مجھے پانی کے کنکشن کے بلوں کی عدم ادائیگی پر نااہل کیا گیا،
میں نے کبھی سرکاری پانی کا کنکشن نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر نااہلیاں ایف آئی آرز پر ہوئی ہیں، پاکستان میں کس پر ایف آئی آرز نہیں ہیں، پی ٹی آئی کے امیدواروں کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ اغوا کیے گئے۔