بھارتی اداکارہ گوہر خان کی سالِ نو پر فلسطینیوں کیلیے دعائیں


ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف بھارتی اداکارہ گوہر خان نے سال نو پر فلسطینیوں کے لیے دعا پر مبنی اسٹوری شیئر کی ہے۔ رئیلٹی شو بگ باس سے مقبول ہونے والی بھارتی ااکارہ گوہر خان نے 2024ء کے آغاز پر اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی۔ انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا گیا گوہر خان کا یہ پیغام پوسٹ ہوتے ہی وائرل ہوگیا۔
گوہر خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’’ نئے سال کا آغاز ہوتے ہی پہلے ہی لمحے میں، ظلم سہنے والے اور انتہائی تکلیف دہ حالات میں زندگی گزارنے والے فلسطینیوں کے لیے خوشیوں کی دعا کرتی ہوں‘‘۔ انہوں نے فلسطینیوں کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو 2024ء میں امن اور خوشیاں ملیں‘‘۔

واضح رہے کہ صہیونی ریاست کی قابض فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر حملوں خصوصاً غزہ پر مسلسل بمباری کی وجہ سے ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین و بچوں کی تعداد نصف سے بھی زیادہ ہے جب کہ زخمیوں و لاپتا فلسطینیوں کی تعداد بے شمار ہے۔ اسی طرح غزہ میں ہونے والی تباہی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، جو مختلف پناہ گزینوں میں زندگی اور موت کے درمیان زندگی گزار رہے ہیں۔
حماس کے خلاف جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں ہونے والے غیر معمولی جانی نقصان پر شوبز، سیاست، کاروبار سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ معروف شخصیات اپنی آواز بلند کر چکی ہیں، جب کہ اسرائیل اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر سے ہونے والی شدید تنقید کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے امریکا کی حمایت سے فلسطینیوں پر جنگ مسلط کیے ہوئے ہے۔