مہنگائی پر میرے بیان کو مخالفین غلط استعمال کر رہے ہیں، دانیال عزیز


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ مہنگائی پر میرے 30 نومبر کے بیان کو مخالفین غلط استعمال کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں دانیال عزیز نے کہا کہ مخالفین میرے بیان کو ن لیگ کو مہنگائی کا ذمے دار قرار دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، بیان کا مقصد احسن اقبال کی بطور سربراہ پرائس مانیٹرنگ کمیٹی حوصلہ افزائی کرنی تھی۔
دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ میرا مقصد تھا احسن اقبال مہنگائی کی اصل وجوہات کو منظرعام پر لائیں، احسن اقبال مہنگائی سے فائدہ اٹھانے والوں کو منظر عام پر لائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کسی فرد کو بدنام نہیں کرنا تھا، مقصد تھا عوام کو مہنگائی کی اصل وجوہات اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کا بتاؤں، احسن اقبال نے درست نشاندہی کی کہ شرح سود اور ایکسچینج ریٹ مہنگائی کی وجہ ہیں۔
مسلم لیگ نے رہنما کا کہنا ہے کہ احسن اقبال نے درست نشاندہی کی کہ پیسے کی سپلائی بھی مہنگائی کی وجہ ہے، میرا ارادہ ہے کہ مہنگائی کے حقائق اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کو بےنقاب کروں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرے بیان کو احسن اقبال یا مسلم لیگ ن کے خلاف نہ سمجھا جائے، احسن اقبال یا جماعت کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان پر افسوس ہے۔