بلے کا نشان ملے یا نہ ملے تحریک انصاف الیکشن لڑے گی، لطیف کھوسہ


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ بلے کا نشان ملے یا نہ ملے تحریک انصاف الیکشن لڑے گی، تحریک انصاف ایک ہی انتخابی نشان پر الیکشن لڑے گی . راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو بھی اٹھالیا گیا، الیکشن کمیشن پاکستان سہولت کار بنا ہوا ہے .


انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتے، دونوں کیسوں میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، بلے کا انتخابی نشان نظرثانی میں واپس لے لیا گیا، ہمارے 700 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے .
لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں جو ہم نے بیان کیا وہ بھی قوم نے دیکھا، الیکشن ٹریبونلز کی اپیلوں کی تیاری میں مصروف تھا، یہ سارے مل کر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتے، کیوں صرف بانی پی ٹی آئی پر قانون کا اطلاق کر کے پابند سلاسل کیا جا رہا ہے .
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوامی مقبولیت دیکھ کر پی ڈی ایم اور اپوزیشن جماعتیں خائف ہیں، ن لیگ کا کوئی امیدوار اپنے حلقے میں جانے کے لائق نہیں، اب قوم ملک کو تین مرتبہ لوٹنے والوں کو موقع نہیں دے گی، اب عوام ان کا جھانسا مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں . ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان شاء اللّٰہ کاغذات نامزدگی منظور ہو جائیں گے، عدالتوں پر ذمے داری ہے عوام کے بنیادی حقوق کو یقینی بنائیں .

. .

متعلقہ خبریں