بلوچستان؛ کئی شہروں میں برفباری، رات بھر بارش سے نشیبی علاقے زیر آب


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان کے کئی شہروں میں موسم سرما کی شدت بڑھ گئی ، برف باری شروع ہو چکی ہے . گزشتہ رات بھر بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے .


شمالی بلوچستان کے مختلف اضلاع کان مہترزئی خانوزئی سمیت زیارت و قلات میں برفباری جاری ہے جب کہ کوئٹہ میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے . دکی میں بارش اور سنجاوی چوتیر سمیت قلات میں برفباری موسم مزید سرد ہو گیا . صحبت پور سوئی میں بھی بارش سے موسم کی شدت بڑھ گئی .
اُدھر وادی زیارت و گردنواح میں برفباری سے پہاڑوں اور عمارتوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے . شہر میں 6 انچ جب کہ پہاڑوں پر 8 انچ کے قریب برف پڑ چکی ہے . برفباری کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا جو صبح سویرے تک جاری رہا . برفباری کے باعث زیارت شہر کے پہاڑ دلکش فطری مناظر پیش کررہے ہیں .
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی کافی اضافہ ہوگیاہے . آج کم سے کم درجہ حرات منفی 2 ریکارڈ کیا گیا .
دریں اثنا ڈیرہ مراد جمالی شہر و مضافات میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی . نصیرآباد میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا . بارش شروع ہوتے ہی بجلی اور گیس غائب ہو گئی، جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا . اُدھر کوئٹہ میں بھی رات گئے بارش کے بعد سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی . مانجھی پور شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا .

. .

متعلقہ خبریں