سینیٹ میں انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی حمایت نہیں کی، پیپلزپارٹی


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ سینیٹ میں انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی حمایت نہیں کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ( پیپلزپارٹی ) نے سینیٹ میں انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی حمایت نہیں کی، بلاول بھٹو زرداری واضح کرچکے ہیں کہ ہم وقت پر الیکشن چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی بروقت ، منصفانہ اور شفاف انتخابات چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے 8 فروری کی تاریخ سپریم کورٹ نے دے دی ہے ، ہماری انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، انتخابات کیلیے تمام امیدواروں کو فائنل کرلیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد صرف 14 سینیٹرز کی موجودگی میں پیش کی گئی، کورم بھی پورا نہیں تھا، ہمارے سینیٹر تنگی نے اس کی مخالفت کی ہے،ان کی مخالفت اگر واضح نہیں تھی تو ان سے پارٹی اس حوالے سے وضاحت مانگے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دس نکاتی چارٹر بھی دیا ہے، ہماری تیاری بھی پوری ہے،جو یہ کہتا ہے کہ سیکورٹی کا ایشو ہے تو پیپلز پارٹی 2007 میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار رہی، اس کے باوجود ملک میں انتخابات ہوئے۔