طیبہ گل کیس: انسداد ہراسیت محتسب نے جاوید اقبال اور دیگر کو طلب کرلیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) انسداد ہراسیت محتسب اسلام آباد نے طیبہ گل کو ہراساں کرنے کے الزام پر سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور دیگر کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق طیبہ گل کی ہراساں کرنے اور حبس بے جا میں رکھنے کی درخواست پر انسداد ہراسیت محتسب میں سماعت ہوئی۔ محتسب نے سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کردیا۔
سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال سمیت 12 افراد 16 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیے گئے۔ انسداد ہراسیت محتسب نے نیب تفتیشی افسر عمران ڈوگر کو بھی نوٹس کر دئیے۔
طیبہ گل نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ جاوید اقبال نے درخواست سننے کے لیے غیراخلاقی حرکات کرنے کا کہا، جاوید اقبال نے بلیک میل کیا، غیر اخلاقی حرکات نہ کرنے پر کیس نہ سننے کی دھمکی دی، شہزاد سلیم نے جاوید اقبال کے کہنے پر مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا، مجھے گرفتار کیا۔
طیبہ گل نے مزید کہا کہ نیب تفتیشی افسر عمران ڈوگر وغیرہ نے گرفتار کیا، لاہور لے کر گئے ہراساں کیا، میرے شوہر کو خاموش رہنے کا کہا ورنہ ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی دی۔
طیبہ گل نے استدعا کی کہ جاوید اقبال، شہزادسلیم، عمران ڈوگر وغیرہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔بعدازاں کیس کی مزید سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔