پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے بدستور شدید دھند کی لپیٹ میں
لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز بند اور فلائٹس آپریشن متاثر ہوگیا ہے۔
ترجمان موٹر وے کے مطابق حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم ون پشاور سے برہان تک، ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک، موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند کی گئی ہے۔اسی طرح موٹر وے ایم 5 اقبال آباد سے روہڑی جبکہ ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ دھند کے باعث شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر دھند والی لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
دوسری جانب ایسوسی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز 25 سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔