میاں اسلم اقبال اور علی محمد خان کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔خیال رہے کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے سابق وزیر میاں اسلم اقبال کے پی پی 171 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ایپلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل منظور کی۔
یاد رہے کہ ریٹرننگ افسر نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 171 سے میاں اسلم کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔
علی محمد خان
علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیر مملکت علی محمد خان کے کاغذات درست قرار دے دیئے۔الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس وقار احمد نے علی محمد خان کی اپیل پر سماعت کی، دوران سماعت وکیل نے کہا کہ علی محمد خان پر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت پارٹی ٹکٹ نہ لگانے پر اعتراض اٹھایا گیا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ پہلے جمع کرانا لازمی نہیں، 12 جنوری تک جمع کرایا جا سکتا ہے۔دوسری جانب حلقہ پی پی 171 سے پی ٹی آئی کے میاں اظہر اور حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے، اس کے علاوہ این اے 166 سے کنول شوزب کے کاغذات نامزدگی منظور بھی منظور کر لئے گئے۔
سینیٹر اورنگزیب کے این اے 36 اور پی کے 94 سے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے۔ واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ 10 جنوری تک جاری رہے گا۔