ملک کے میدانی علاقوں میں دھند،بالائی علاقوں میں برفباری،موٹرویزبند، 22پروازیں منسوخ


اسلام آباد،لاہور،پشاور(قدرت روزنامہ) ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی، بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث پارہ نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا۔حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹرویزبندکردی گئیں ،ملکی و غیرملکی 22پروازیں منسوخ کردی گئیں ۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم ون پشاور سے برہان تک، ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک، موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند کی گئی ۔۔موٹروے ایم فور ملتان سے عبدالحکیم تک اور موٹروے ایم ون پشاور سے برہان تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔
موٹروے ایم فائیو کو ملتان سے اوچ شریف تک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ سوات ایکسپریس وے کرنل شیرخان سے کاٹلنگ تک دھند کے باعث بند کردیا گیا،حد نگاہ کم ہونے کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ترجمان موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،شہری دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔استور میں درجہ حرارت منفی 16، سکردو میں منفی 11، گلگت میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا ، بلوچستان میں بھی شدید سردی کا راج ہے، قلات منفی 2 اور کوئٹہ میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔شدید دھند کے باعث ملک بھر کے ایئر پورٹس سے ملکی و غیر ملکی 22 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔پی آئی اے کی اسلام آباد سے دوحہ، دبئی اور مسقط جانے والی 3 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
اسلام آباد سے العین جانے والی پرواز پی کے144، ابوظہبی جانے والی پرواز 262 بھی منسوخ کردی گئی جبکہ لاہور سے کوالالمپور جانے والی پی آئی اے کی پرواز 898 اور 899 بھی روانہ نہ ہوسکی۔لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 235، کوئٹہ جانے والی پروازیں پی کے 322 اور 323 بھی منسوخ کردی گئیں۔ایئر پورٹ حکام کے مطابق ملتان سے شارجہ جانے والی پی آئی اے کی پروازیں 293 اور 294 بھی منسوخ ہوگئیں جبکہ پشاور سے مسقط، دبئی، دوحہ اور ابوظہبی کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔حکام نے کہا کہ ریاض سے پشاور آنے والی غیرملکی ایئر لائن کی پرواز منسوخ کردی گئی جبکہ پشاور سے ریاض جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی۔علاوہ ازیں ایئر پورٹ حکام کے مطابق باچا خان ایئر پورٹ پر 5 غیر ملکی ایئر لائن کی پروازیں تاخیر کا شکارہوئیں ۔