“ہر جگہ صنفی سیاست نہیں لائیں”، فلم ‘انیمل’ کی ٹیم کا جاوید اختر کو کرارا جواب


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کی بلاک بسٹر ایکشن فلم ‘انیمل’ کی ٹیم نے فلم پر نتقید کرنے پر معروف بھارتی شاعر اور گیت نگار جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر نے حال ہی میں ایک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے فلم ‘انیمل’ کا نام لیے بغیر، اس فلم کے سین کا حوالہ دیتے ہوئے فلم کی کامیابی پر کڑی تنقید کی تھی۔
جاوید اختر نے کہا تھا کہ “ایک فلم ہے جس میں ایک مرد کسی عورت سے اپنا جوتا چاٹنے کا مطالبہ کرتا ہے، فلم میں مرد کہتا ہے کہ عورت کو مارنا بالکل ٹھیک ہے اور اگر یہ فلم سُپر ہٹ ہوجائے تو یہ معاشرے کے لیے خطرناک ہے”۔
اس تنقید کے بعد، اب فلم ‘انیمل’ کی ٹیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاوید اختر کو ٹیگ کرتے ہوئے اُن کی تنقید پر ردعمل دیا ہے۔
فلم ‘انیمل’ کی ٹیم نے اپنے ردعمل میں طنزیہ انداز میں کہا کہ “اگر آپ جیسی صلاحیت رکھنے والا رائٹر عاشق کی دھوکہ دہی کو نہیں سمجھ سکتا تو فن کے حوالے سے آپ کی سوچ اور نظریہ بالکل غلط ہے”۔
‘انیمل’ کی ٹیم نے کہا کہ “محبت کے نام پر مرد کے ہاتھوں دھوکہ کھانے والی عورت اگر اُس مرد سے اپنا جوتا چاٹنے کا کہتی تو آپ جیسے لوگ اسے حقوق نسواں کہہ کر بہت خوش ہوتے”۔
فلم کی ٹیم نے مزید کہا کہ “محبت کو صنفی سیاست سے آزاد رہنے دیں، فلم کی کہانی کو مرد اور عورت کا سوچ کر نہیں دیکھیں بلکہ انہیں صرف عاشق کہیں، عاشق نے دھوکہ دیا اور جھوٹ بولا، عاشق نے کہا میرا جوتا چاٹ، بات ختم”۔


واضح رہے کہ سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی رنبیر کپور کی سُپر ہٹ فلم ‘انیمل’ 2023 میں یکم دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس فلم نے دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔