افواہوں پر دھیان نہ دیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن واقعی علیل ہیں، مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن واقعی علیل ہیں۔اپنے بیان میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عمر حمید کی مکمل اور جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، کسی قسم کا کوئی بحران نہیں۔
یاد رہے کہ عام انتخابات سے قبل وفاقی سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کے مطابق عمر حمید نے ناسازیٔ طبیعت کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے تا حال سیکریٹری الیکشن کمیشن کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے، عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔