رشتے سے انکار پر خاتون پر تیزاب پھینکنے والے ملزمان دبئی فرار ہوتے ہوئے گرفتار


لاہور(قدرت روزنامہ) شاہدرہ کے علاقے میں خاتون پر تیزاب گردی کا واقعہ پیش آیا ہے۔دو موٹرسائیکل سواروں نے عائشہ نامی ٹیچر پر تیزاب پھینک دیا، جس سے اسکول ٹیچر عائشہ کا چہرہ جھلس گیا۔ عائشہ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس نے کیمسٹری کی ٹیچر کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد واقعے میں ملوث ملزمان کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا جو دبئی فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ملزم عمر متاثرہ عائشہ کو پسند کرتا تھا۔ عائشہ نے رشتہ کرنے سے انکار کیا، تو ملزم عمر نے ساتھی کے ساتھ مل کر رنج میں تیزاب پھینکا۔ دونوں گرفتار ملزمان متاثرہ لڑکی کے رشتہ دار ہیں۔
پولیس کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے پولیس ٹیم کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا. انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ ٹاؤن منیر احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عمر فاروق اور غلام مصطفی کو گرفتار کیا۔