“میرا ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ سونم کپور نے بنایا تھا”، فواد خان
کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف اداکار فواد خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کا ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے بنایا تھا۔ فواد خان نے حال ہی میں میزبان و اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے بھارت میں کام کرنے کے تجربے کے حوالے سے بات کی تھی اور ساتھ ہی اپنے بلاک بسٹر ڈراما سیریل ’ہمسفر‘ سے متعلق چند انکشافات بھی کیے تھے۔
دورانِ پوڈکاسٹ فواد خان نے بتایا کہ “جب وہ اپنی پہلی بالی ووڈ فلم ‘خوبصورت’ کی شوٹنگ کے لیے بھارت گئے تو اُنہیں وہاں بہت پیار ملا جبکہ اُس وقت سوشل میڈیا کے معروف پلیٹ فارمز ٹوئٹر (ایکس) اور انسٹاگرام پر اُن کا اکاؤنٹ بھی نہیں تھا”۔
فواد خان نے کہا کہ “فلم ’خوبصورت‘ کی شوٹنگ کے دوران سونم کپور نے اُن کا ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ بناکر دیا تھا اور جب وہ اپنی دوسری بالی ووڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی شوٹنگ کے لیے بھارت گئے تھے تو اُس دوران اُن کے ساتھی اداکار سدھارتھ ملہوترا نے اُن کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا تھا”۔
اسی پوڈکاسٹ کے دوران، فواد خان نے کہا تھا کہ اُنہیں اُن کے ڈراما سیریل “ہمسفر” اور “زندگی گلزار ہے” کی وجہ سے بالی ووڈ فلم “خوبصورت” کی آفر ہوئی تھی اور اُنہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے پہلے اسکرین ٹیسٹ بھی دیا تھا۔
اداکار نے فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کے حوالے سے کہا تھا کہ اس فلم کی ٹیم بہت اچھی تھی، کہانی بھی بہت زبردست تھی، وہ اپنی یہ فلم دیکھ کر کبھی بور نہیں ہوتے جبکہ وہ ایسے انسان ہیں جو اپنے پراجیکٹس دیکھ کر بور ہوجاتا ہے لیکن یہ فلم اُن کے دل کے بہت قریب ہے۔
واضح رہے کہ فواد خان نے سال 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ سے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس فلم میں اُن کی ساتھی اداکارہ سونم کپور تھیں۔
فلم میں فواد خان نے شہزادے کا کردار ادا کیا تھا اور سونم کپور اُن کی محبت میں گرفتار ہوجاتی ہیں، اس فلم کے بعد فواد خان کو بھارت میں کافی مقبولیت ملی تھی اور اُنہیں کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی آفر بھی ہوئی تھی۔ فلم ’خوبصورت‘ کے بعد فواد خان نے ’کپور اینڈ سنز‘ کی تھی، اس فلم میں وہ رشی کپور، عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ نظر آئے تھے۔