جان کو خطرہ، سلمان خان کے فارم ہاؤس سے دو افراد گرفتار


مہاراشٹر(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کے فارم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر پنویل میں واقع سلمان خان کے فارم ہاؤس سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے چُھپکے سے درخت پر چڑھ کر فارم ہاؤس کے اندر گھسنے کی کوشش کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار ہونے والے دونوں افراد نے پولیس کو اپنے فرضی نام اجیش کمار اوم پرکاش گل اور گروسیواک سنگھ تیجسنگ بتائے جبکہ ان دونوں افراد کے پاس سے جعلی آدھار کارڈ (شناختی کارڈ) بھی برآمد ہوئے ہیں۔پولیس نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ دونوں افراد کا تعلق بھارت کی مختلف ریاستوں سے ہے، پولیس نے اُنہیں حراست میں لیکر دونوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں افراد نے پولیس کو بتایا کہ وہ سلمان خان کے مداح ہیں اور وہ اداکار سے ملنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے فارم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ سال 2023 مارچ میں بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دی تھیں جس کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔
لارنس بشنوئی کے کینگ نے بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کا بھی قتل کیا تھا، لارنس بشنوئی گینگ کے مطابق سدھو موسے والا نے اِن کے ایک کارندے کو قتل کروانے میں کردار ادا کیا تھا جس کی وجہ سے اُنہوں نے بدلے میں گلوکار کو قتل کیا۔
سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارنس بشنوئی کی جانب سے 2018 میں بھی سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی گئی تھی تاہم اداکار اس منصوبے سے بچ نکلے تھے۔