ڈاکوؤں کا بیوپاریوں کی بس پر دھاوا، 4کروڑ روپے لوٹ کر بآسانی فرار


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پشاور سے لاہور جانے والی بس میں سوار تمام مسافروں کو ڈاکو ضلع چکوال کی حدود میں لوٹ کر فرار ہوگئے۔
راولپنڈی کے تھانہ جاتلی میں درج ہونے والی رپورٹ کے مطابق بیوپاری پشاور سے لاہور خریداری کے لیے جا رہے تھے کہ بلکسر انٹر چینج کے قریب دھند کے باعث بس کو موٹروے سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا گیا جہاں گاڑی میں سوار 7 ڈاکو چلتی بس میں سوار ہوئے۔
ڈاکوؤں نے بس میں سوار 41 بیوپاریوں کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنایا اور تشدد کرتے رہے، ملزمان نے بیوپاریوں سے 4 کروڑ سے زائد رقم لوٹی، ملزمان 45 منٹ تک چلتی بس میں واردات کرتے رہے۔
اطلاع ملنے پر پہلے راولپنڈی پولیس کے تھانہ جاتلی میں ابتدائی رپورٹ درج ہوئی، متاثرہ بیوپاری تھانہ جاتلی پہنچے تو راولپنڈی پولیس نے حدود کا تنازعہ بنا دیا اور رپورٹ درج ہونے کے باوجود واقعے کو چکوال پولیس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔ پولیس کے غیر مناسب رویے سے پریشان بیوپاریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لے کر فوری ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔