عوامی حقوق کیلئے آزاد حیثیت سے پارلیمنٹ میں جاکر ڈائیلاگ کا آغاز کریں گے، حاجی لشکری


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی عزت اور ناموس کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، عوام کے ووٹ کی طاقت سے پارلیمنٹ میں جاکر آزاد حیثیت سے صوبے اور کوئٹہ شہر کیلئے اپنا کردار ادا بلوچستان کے اجتماعی قومی معاملات پر وفاق اور صوبے میں ڈائیلاگ کا آغاز کریں گے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو سراوان ہاوس میں سابق نائب ناظم عبداسلام رئیسانی ، حاجی ظفر رئیسانی ، چوہدری زبیر جان کی قیادت میں وفود سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی ،
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہاکہ بلوچستان اور کوئٹہ شہر کے عوام کے حقوق و اجتماعی قومی معاملات پر کبھی پسپا نہیں ہوئے ، اس سرزمین کی بنیادوں میں ہمارے اکابرین کا لہو شامل ہے ، قومی عزت ، وقار ، ناموس اور مٹی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کیا ، صوبے کی عزت اور ناموس کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عوام کے ووٹ کی طاقت سے پارلیمنٹ میں جاکر آزاد حیثیت سے صوبے اور کوئٹہ شہر کیلئے اپنا کردار ادااور بلوچستان کے اجتماعی قومی معاملات پر وفاق اور صوبے میں ڈائیلاگ کا آغاز کریں گے۔انہوں ے کہا کہ بلوچستان کے شرائط پر وفاق اور صوبے کے درمیان ایک قومی ایجنڈے کا تعین کرنا ہے اس کیلئے کوئٹہ کے باشعور سیاسی کارکن ، نوجوان 8 فروری تک بلوچستان گرینڈ الائنس کے انتخابی مہم کا حصہ بن کر کوئٹہ شہر اور صوبے میں شعوری مہم چلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں
تاکہ کوئٹہ شہر اور صوبے کے لوگ 8 فروری کو صرف ووٹ نہیں بلکہ اپنی رائے دیں، اس موقع پرچوہدری زبیر جان کی قیادت میں مسیحی برداری کے وفد،سابق نائب ناظم عبداسلام رئیسانی،حاجی محمد طاہر، عاطف قاضی، حاجی ظفر رئیسانی ، حاجی پرویز احمد رئیسانی، حاجی محمد ریاض رئیسانی ،رشید نیچاری، عزیز نیچاری، عظمت قلندرانی، عبید شاہوانی، گل زمان جتک، شہریار ایڈووکیٹ ودیگر نے این اے 263 اور پی بی 43 سے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔