پشاورہائیکورٹ؛الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

پشاور(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پشاور ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی . پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کیے جانے پر الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی، جسے کل سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے .

درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ کرے گا، جس میں جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد شامل ہیں . انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان بلے کی بحالی کے معاملے پر عدالتی احکامات کے باوجود عمل نہ کیے جانے پر ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ارکان الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے . قاضی انور اور شاہ فیصل الیاس کی وساطت سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے ابھی تک پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا . الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی پارٹی سرٹیفکیٹ شائع نہیں کیا گیا . درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالتی فیصلے سے باخبر ہے، اس کے باوجود شائع نہیں کیا . عدالت کے واضح احکامات کے باوجود فریقین پی ٹی آئی کے عام انتخابات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں . الیکشن کمیشن کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے . . .

متعلقہ خبریں