راولپنڈی، 2 مبینہ پولیس مقابلوں میں 6 ڈاکو ہلاک


راولپنڈی (قدرت روزنامہ)راولپنڈی میں 2 مبینہ پولیس مقابلوں میں ڈکیتی کے 6 ملزمان ہلاک ہو گئے۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ریس کورس کے علاقے میں بین الصوبائی گروہ کے 4 ملزمان مارے گئے۔ ڈاکوئوں نے 3 روز قبل برطانیہ سے آنے والے شہری کو ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کیا تھا۔پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزمان نے ریس کورس کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے بین الصوبائی گروہ کے 4 ڈاکو ہلاک ہوئے۔ترجمان پولیس نے بتایا ہے کہ پولیس نے موٹر سائیکل سوار ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔
پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ ملزمان سے پولیس کی یونیفارم بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزمان نے پہلے کینیڈا سے آئے ایک شہری کے ساتھ بھی واردات کی تھی۔ترجمان پولیس نے کہا کہ ملزمان ایئر پورٹ پر ریکی اور بیرونِ ملک سے آنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرتے تھے۔راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق گینگ کے ارکان کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں وارداتیں کرتے تھے۔ راولپنڈی کے تھانہ مورگاہ کے علاقے میں ہوئے پولیس مقابلے میں بھی 2 ملزمان ہلاک ہوئے ہیں۔راولپنڈی پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے 2 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔