“پی ایس ایل 9” کا ترانہ، علی ظفر کیجانب سے ووٹنگ شروع
کراچی(قدرت روزنامہ)عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کے ترانے کے لیے سوشل میڈیا پر ووٹنگ کا آغاز کردیا۔
ہر سال کی طرح، 2024 کے بھی پی ایس ایل کا میلہ سجنے والا ہے جس میں صرف ایک ماہ باقی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ شائقین یہ سوچ رہے ہیں کہ اس سیزن کا ترانہ کونسے گلوکار کی آواز میں سامنے آئے گا۔
پی ایس ایل کے ترانے کی بات آئے تو شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں سب سے پہلے علی ظفر کا خیال آتا ہے کیونکہ اُنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے تین سیزن کے ترانے گائے جوکہ بےحد مقبول ہوئے۔
اب علی ظفر نے پی ایس ایل کے ترانے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے شائقین کرکٹ سے اُن کی رائے طلب کی ہے۔
علی ظفر نے اپنی پوسٹ میں شائقین کرکٹ سے سوال کیا کہ “آپ مجھے بتائیں کہ اگر میں نے پی ایس ایل 9 کا ترانہ گایا تو اس سے پی ایس ایل اور پی سی بی کے برانڈ کو فروغ ملے گا؟ تمام اسٹیک ہولڈرز کو زیادہ مالی فائدہ پہنچے گا؟ یا پھر کوئی دوسرا فائدہ ہوگا؟”
Do you think that if I did the anthem of PSL this year, it will enhance the image of the brand of PSL and PCB, deepen the connection with people, and bring more financial benefit to all stakeholders or will it prove to be otherwise? Be honest with your votes. I have no ego and I…
— Ali Zafar (@AliZafarsays) January 12, 2024
گلوکار نے شائقین کی رائے طلب کرتے ہوئے کہا کہ “آپ ایمانداری سے ووٹ دیں کہ کیا آپ واقعی میری آواز میں پی ایس ایل 9 کا ترانہ سُننا چاہتے ہیں؟، مجھ میں کوئی انا نہیں ہے اور نہ ہی مجھے آپ کے انتخاب سے کوئی اعتراض ہوگا کیونکہ میں طاقت کے عہدوں پر فائز چند افراد کے بجائے اپنی عام عوام کی حقیقی رائے اور ترجیحات جاننا چاہتا ہوں”۔
اُنہوں نے اپنی اگلی پوسٹ میں کہا کہ “میں اپنی پوسٹ کے حوالے سے بعد میں وضاحت پیش کروں گا، ابھی صرف آپ ووٹ دیں”۔
I will explain later, why I have posted this tweet 🙂 abhee just vote 🙏✨
— Ali Zafar (@AliZafarsays) January 12, 2024
علی ظفر کی جانب سے رائے طلب کرنے پر شائقین کرکٹ نے یہی کہا کہ وہ علی ظفر کی آواز میں ہی پی ایس ایل 9 کا ترانہ سُننا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا، پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔