نیوزی لینڈ (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ کی سابق وزیرِاعظم جیسنڈا آرڈرن نے 5 سال منگنی رہنے کے بعد شادی کرلی . غیرملکی میڈیا کے مطابق 43 سالہ جیسنڈا آرڈرن نے اپنے پرانے دوست کلارک گےفورڈ سے شادی کی، شادی کی نجی تقریب نیوزی لینڈ میں (Hawke's Bay) کے علاقے میں ہوئی .
اس موقع پر جیسنڈا آرڈرن اور ان کے شوہر نے سفید اور کالے رنگ کے جوڑوں کا انتخاب کیا تھا جس کی سوشل میڈیا پر بہت تعریف کی جارہی ہے . ان کی شادی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی ہیں .
غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق وزیرِاعظم جیسنڈا آرڈرن نے شادی کے موقع پر انتہائی کم زیور پہنے اور انہوں نے نیوزی لینڈ کی مقامی ڈیزائنر جولیٹ ہوگن کا تیار کردہ لباس پہنا تھا .
رپورٹس کے مطابق جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گےفورڈ نے 2022ء میں شادی کرنے کا ارادہ کیا تھا تاہم کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے انہوں نے اسے ملتوی کردیا تھا . واضح رہے کہ جیسنڈا آرڈرن 2017ء سے 2023ء تک نیوزی لینڈ کی وزیرِاعظم رہی تھیں .