سارہ خان اور بلال عباس بھارتی ڈرامے میں کام کرنے کیلئے تیار


ممبئی(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور اداکار بلال عباس بھارتی ٹی وی چینل کے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستانی ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی خوبرو اداکارہ سارہ خان اور اداکار بلال عباس اب سرحد پار پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنے کام سے مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والے ہیں۔
بلال عباس اور سارہ خان کا نیا ڈراما ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ بھارتی چینل ’زندگی‘ پر نشر کیا جائے گا، کمال انجم شہزاد کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کی کہانی شاعرانہ مضوعات، محبت اور دوستی کے گرد گھومتی ہے۔

’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کے مرکزی کردار فخر اور کاشف ہوں گے جنہیں بالترتیب بلال عباس خان اور رضا طالش نے ادا کیا ہے جبکہ سارہ خان ڈرامے میں گل بانو کے کردار میں نظر آئیں گی۔
بلال عباس اور سارہ خان کے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کا پریمیئر فروری 2024 میں بھارتی چینل ’زندگی‘ پر ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت کی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ کا چینل ’زندگی‘ پاکستانی شوز اور ترک ڈراموں کے حوالے سے بہت مشہور ہے، اس ٹی وی چینل پر کئی پاکستانی ڈرامے نشر کیے جا چکے ہیں جنہیں بھارتی مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔
2017 میں چینل ’زندگی‘ کی نشریات آن لائن منتقل ہوگئی تھیں لیکن سال 2022 میں دوبارہ اس چینل کو بھارتی ٹی وی پر متعارف کرایا گیا تھا۔