“خانہ کعبہ دیکھ کر چھوٹی بچی کی طرح روتی ہوں”، بھارتی اداکارہ حنا خان


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان نے اپنے بھائی کے ہمراہ دوسری بار عُمرے کی ادائیگی کرلی۔حنا خان سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں اُنہوں نے دوسری بار عُمرے کی سعادت حاصل کی، بھارتی اداکارہ اپنے اس روحانی سفر کی روح پرور تصاویر اور ویڈیوز بھی مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کررہی ہیں۔
بھارتی اداکارہ نے جمعے کے روز مکہ مکرمہ سے اپنی کچھ تصاویر انسٹاگرام پوسٹ کیں جن میں وہ غلافِ کعبہ کو چُھو رہی ہیں، اُنہوں نے اللہ تعالیٰ کا شُکر ادا کرتے ہوئے مداحوں سے دُعا کی درخواست بھی کی۔

View this post on Instagram

A post shared by Hina Khan (@realhinakhan)


اس پوسٹ کے علاوہ حنا خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں عُمرے کی ادائیگی کے حوالے سے اپنے جذبات بھی بیان کیے، اُنہوں نے کہا کہ “میں پہلے بھی عُمرہ ادا کرچکی ہوں لیکن میری بےچینی، گھبراہٹ اور جذبات بالکل پہلی بار کی طرح ہیں”۔
حنا خان نے کہا کہ “جب خانہ کعبہ کو دیکھتی ہوں تو چھوٹی بچی کی طرح بہت روتی ہوں، یہ روح پرور منظر دیکھ کر ہونٹ جم جاتے ہیں، آنکھوں کو ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے”۔
بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ “یہاں موجود کوئی بھی شخص خانہ کعبہ سے اپنی نظر نہیں ہٹا سکتا، یہ مقدس مقام میرے اندر سکون پیدا کرتا ہے، مجھے یہاں آکر الحمدللہ بہت زیادہ سکون ملتا ہے”۔


واضح رہے کہ حنا خان کا یہ دوسرا عُمرہ ہے، اس سے قبل اُنہوں نے سال 2023 میں رمضان کے مبارک مہینے میں پہلی بار عُمرے کی ادائیگی کی تھی۔