ملک بھر میں پیاز کی قیمتیں بے قابو


کراچی/کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں پیاز کی قیمتیں بے قابو ہوگئیں، کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں اوّل درجے کی پیاز 240 روپے کلو تک جا پہنچی .
لاہور انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عمل کرانے میں ناکام
لاہور کی ضلعی انتظامیہ اشیائے خور و نوش سمیت مختلف اشیاء کے سرکاری نرخ نامے پر عمل کرانے میں ناکام ہو گئی .

ذرائع کے مطابق سرکاری ریٹ لسٹ میں پیاز کے نرخوں میں کمی آئی ہے تاہم بازار میں کمی نہ آ سکی .
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور کی مارکیٹ میں پیاز کی قیمت میں کمی نہ آئی، دکانوں پر پیاز درجۂ اوّل 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے . مرغی کے گوشت کی قیمت 615 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، انڈے فی درجن 400 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں .
انگور 600 روپےکلو، سیب 400 روپے کلو، کینو 400 روپے درجن فروخت ہو رہے ہیں . لاہور میں بکرے کا گوشت 2200 روپے فی کلو اور بیف 1300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے .
لاہور میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 256 روپے کلو مقرر ہے مگر یہ 300 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے .
کوئٹہ میں بھی پیاز کی قیمت کو پر لگ گئے
کوئٹہ میں پیاز کی قیمت 20 روپے کے مزید اضافے کے بعد 240 روپے کلو ہو گئی . مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ٹماٹر کی قیمت میں 10 روپے کی کمی آئی ہے جو اب 140 روپے کلو ہو گئے .
بلوچستان کے دارالخلافہ میں لہسن اور ادرک کی فی کلو قیمت 800 روپے پر برقرار ہے جبکہ بھنڈی 250 روپے اور مٹر 240 روپے کلو مل رہی ہے . کوئٹہ شہر میں ایل پی جی کی 300 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے .

. .

متعلقہ خبریں