کنگنا رناوت ‘ڈیٹنگ’ کی خبروں پر بھڑک اُٹھیں


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی ڈیٹنگ کی خبروں پر بھارتی میڈیا کو منہ توڑ جواب دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کنگنا رناوت کو ممبئی میں ایک نامعلوم شخص کے ساتھ سلون کے باہر دیکھا گیا تھا، سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں اداکارہ ایک نامعلوم شخص کا ہاتھ پکڑے سلون سے باہر نکل رہی تھیں۔
وائرل تصاویر میں کنگنا رناوت چہرے پر مسکراہٹ لیے خوشگوار مزاج میں نظر آئیں، یہ تصاویر دیکھنے کے بعد صارفین اور بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا کہ یہ شخص کنگنا رناوت کا بوائے فرینڈ ہے۔ڈیٹنگ کی جھوٹی افواہوں سے تنگ آکر بالآخر کنگنا رناوت نے اپنی خاموشی توڑ دی، اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں اُسی شخص کے ساتھ دو تصاویر شیئر کیں۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ “مجھے فون کالز اور میسجز موصول ہورہے ہیں جن میں مجھ سے اُس شخص کے بارے میں پوچھا جارہا ہے جس کے ساتھ میں اکثر سلون کے باہر نظر آتی ہوں”۔
اداکارہ نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “اگر کوئی خاتون اور مرد ساتھ گھوم رہے ہیں یا تصاویر بنوا رہے ہیں تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اُن دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات قائم ہیں”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “خاتون کے ساتھ نظر آنے والا مرد اُس کا کزن، رشہ دار، بھائی، دوست یا ہیئر اسٹائلسٹ بھی ہوسکتا ہے”۔