ماں بننےکے بعد اداکاراؤں کا کیریئر ختم ہونے کا تاثر غلط ہے: مومل شیخ


لاہور(قدرت روزنامہ) معروف پاکستانی اداکارہ مومل شیخ نے کہا ہے کہ ماں بننے کے بعداداکاراؤں کا کیریئرختم ہو جانے کا تاثر غلط ہے۔
حال ہی میں اداکارہ مومل شیخ نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو”مذاق رات” میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مومل شیخ نے کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں والد یا خاندان کےکسی فرد کا کردار نہیں بلکہ میری اپنی محنت ہے، مجھے اداکاری کرنے کا موقع والد نہیں بلکہ شوہر کی وجہ سے ملا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی کے لیے والدہ نے بہت قربانیاں دیں، انہوں نے ہماری بہتر پرورش کے لیے بہت کچھ قربان کیا۔مومل کا کہنا تھا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ ماں بننے کے بعد اداکاراؤں کا کیریئر ختم ہوجاتا ہے، خدا نے ہر عورت کو اتنی طاقت دی ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی پروش، گھر کی ذمہ داریوں سمیت کیریئر کو بھی آگے بڑھا سکے۔
اداکارہ نے کہا کہ میری کامیابی اور شوبز میں نام کمانے میں شوہر کا بھی ہاتھ ہے، میں ان کی اجازت، مدد اور تعاون کی وجہ سے ہی باہر نکلی ہوں اور کام کر رہی ہوں، میں گھر سے کام کے لیے نکلتی ہوں تو شوہر بچوں سمیت گھر کا خیال رکھتے ہیں۔