پی ٹی آئی خواتین کے بعد اقلیتی نشستوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف خواتین کی نشستوں کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی نشستوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں اقلیتی امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کردی گئی ہیں، جس کے مطابق پی ٹی آئی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 10 مخصوص نشستوں پر 37 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو درست قراردے دیا جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی امیدوار فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کی فہرست الیکشن کمیشن کو دی گئی تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیا تھا۔
بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی سماعت میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بحال کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان بلا واپس لینے کا حکم دیا تھا، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی خواتین کی مخصوص نشستوں کے بعد اقلیتی نشستوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔