سانحہ 9 مئی: عمران خان کی تمام 12 مقدمات میں درخواست ضمانت دائر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سانحہ 9 مئی کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے تمام 12 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر دیں۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لیں۔
درخواستوں میں موقف اپنایا گیا کہ سانحہ 9 مئی ہوا لیکن سابق وزیر اعظم گرفتار تھے اور کسی مظاہرے میں موجود نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کے طور پر پھنسایا گیا۔ سابق وزیر اعظم تمام کیسوں میں جسمانی ریمانڈ بھگت چکے اور 5 ماہ سے جیل میں ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کیسوں میں سینیئر قانون دان ملک وحید انجم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے 17 جنوری کو تمام کیسز کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے تمام متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ریکارڈ طلبی نوٹس جاری کر دیے۔